تہران،21اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)روس کے وزیر توانائی الیگزینڈر نوواک نے ایران کے ساتھ ایک معاہدے کا اعلان کیا ہے جس میں تیل کے بدلے خوراک کی ڈیل بھی شامل ہے۔ اس معاہدے پر عمل درآمد آئندہ ماہ ہو گا جس کے تحت ایران سے روزانہ ایک لاکھ بیرل خام تیل خریدا جائے گا۔اس ڈیل سے متعلق قانونی دستاویزات اپنے حتمی مراحل میں ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تیل کے بدلے خوراک کے اس معاہدے کے تحت روزانہ ایک لاکھ ایرانی تیل کی فروخت عمل میں آئے گی، یہ مقدار ایک سال کے اندر 50لاکھ ٹن کے قریب بنتی ہے۔ایران میں روسی تجارت کے نمائندے آندرے لوگانسکی نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت ماسکو ایک سال کے اندر 45ارب ڈالر کا سامان تہران برآمد کرے گا۔